سرینگر ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں سخت گیر حریت کانفرنس کی جانب سے لوک سبھا انتخابات کا بائیکاٹ کرنے اور احتجاج منظم کرنے پر ایک نوجوان اور حریت قائدین کی گرفتاری کے خلاف بند کا اعلان کیا گیا جس کی وجہ سے عام زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دوکانات، تجارتی و تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور
بینکس میں ملازمین کی قلیل تعداد حاضر ہوسکی۔ عوامی ٹرانسپورٹ بھی سڑک سے ندارد تھا جبکہ خانگی کاریں، ٹیکسیاں اور آٹو رکشا حسب معمول چلائے جارہے تھے۔ عہدیداروں کے مطابق وادی کے دیگر اضلاع سے بھی بند کی رپورٹس ملی ہیں۔ گیلانی نے پارلیمانی انتخابات کے دوران گرفتار کئے گئے نوجوان کی رہائی کیلئے 13 مئی تک مہلت دی تھی اور حکومت کو انتباہ دیا ہیکہ اگر نوجوان کو رہا نہیں کیا گیا تو وادی میں زبردست احتجاج منظم کیا جائے گا۔