سرینگر 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں تازہ برفباری کے بعد 300 کیلو میٹر طویل سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ بند کردی گئی۔ بنیہال اور پتنی توپ سیکٹرس میں برفباری کا سلسلہ کل رات سے شروع ہوگیا چنانچہ مسافرین کے تحفظ کو پیش نظر رکھتے ہوئے شاہراہ بند کردی گئی ہیں۔ کل رات سے اس شاہراہ پر ٹریفک آمد و رفت کا سلسلہ منقطع ہے۔ مسافرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل سرینگر اور جموں میں ٹریفک پولیس کنٹرول روم سے ربط قائم کریں ۔ عہدیداروںنے بتایا کہ سڑک پر برف کی صفائی کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔
بنیہال اور پتنی توپ میں آج صبح تقریباً دیڑھ فیٹ برف کی تہہ جمع ہوگئی اور تازہ اطلاع ملنے تک برفباری کا سلسلہ جاری تھا ۔ اشیائے ماتحیاج بشمول پٹرول، ڈیزل ، کیروسین ، غذائی اشیاء ، پکوان گیاس اور ادویات کی سربراہی کیلئے کشمیر اور ملک کے مابقی حصے سے رابطے کیلئے یہ واحد سڑک ہے ۔ریل خدمات کو بھی معطل کردیا گیا ہے ۔ ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ پٹریوں پر برف کی صفائی کے بعد ہی ریل خدمات بحال کی جاسکتی ہے۔شدید برفباری کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔حکام کے مطابق سڑک پر جمی برف کو صاف کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن برفباری کا سلسلہ جاری رہنے سے خاطرخواہ نتیجہ برآمد نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہیکہ وہ برف باری کے پیش نظر سفر سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی آمد و رفت کو بھی روک دیا گیا ہے۔