وائی ایس راج شیکھر ریڈی بائیوپک میں جگن موہن ریڈی نہیں ہوں گے

سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی سیاسی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’’یاترا‘‘ کی شوٹنگ ان دنوں زور و شور سے جاری ہے۔ ماہی وی راگھو کے ڈائرکشن میں بن رہی اس فلم میں سوپر اسٹار مموٹی وائی ایس آر کا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جبکہ ان کے والد وائی ایس راجہ ریڈی کا کردار جگپتی بابو نبھا رہے ہیں۔ فلم میں سہاسنی منی رتنم سبیتا اندرا ریڈی کا رول کرتی دیکھی جائیں گی جبکہ دوسرے کرداروں میں راؤ رمیش، انوسویہ بھردواج، پوسانی کرشنا مرلی، ونود کمار اور سچن کھید کرشا مل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم سے وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے فرزند وائی ایس جگن موہن ریڈی کے کردار کو حذف کردینے کی خبر ہے۔ سب یہ جاننا چاہتے تھے کہ یہ کردار کون نبھائے گا۔ ابتداء میں جگن موہن ریڈی کے کردار کے لئے سوریہ یا کارتی کولئے جانے کی خبر تھی لیکن تازہ اطلاع کے مطابق میکرز نے ان کے کردار کو فلم سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب وہ اپنی اس فلم میں سال 2003 میں وائی ایس آر کی جانب سے کی گئی 1,500 کیلو میٹر کی پدیاترا کو فوکس کرنا چاہتے ہیں۔ یہ فلم اسی سال 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔