حیدرآباد 6نومبر (یواین آئی )وائی ایس آر کانگریس سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی پرجا سنکلپ یاترا کا آج سے آغاز عمل میں آیا۔اس یاترا کے آغاز سے پہلے انہوں نے عوام کے نام اپنا ویڈیو پیام جاری کیا۔اپنے اس ویڈیو کے ذریعہ جگن عوام بالخصوص سوشیل میڈیا کا استعمال کرنے والوں تک رسائی حاصل کرسکیں گے ۔وہ ان سے اپنے تجربات بیان کریں گے ۔ان کا پہلا ویڈیو جگن کے فیس بک اکاونٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے ۔اس کا کافی بہتر ردعمل مل رہا ہے ۔اس کو اپ لوڈ کرنے کے چند گھنٹوں میں ہی ہزاروں افراد نے اس ویڈیو کو دیکھا ۔اس ویڈیو میں جگن نے عوام سے کہا کہ وہ تمام ان کے خاندان کا حصہ ہیں۔انہوں نے اس یاترا کے لئے ان پر بھروسہ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا ۔یہ یاترا چھ ماہ جاری رہے گی ۔اس یاترا کے دوران وہ عوام کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے ۔جگن نے کہاکہ وہ عوام کی رائے بھی حاصل کریں گے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس یاترا کا مقصد اس بات کویقینی بنانا ہے کہ ان کی پارٹی کا منشور عوام سے لیا جائے اور یہ عوام کا منشور ہو۔انہوں نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ وہ عوام سے جڑے رہیں گے اور اس کی کڑی کے طورپر یہ ان کا پہلا ویڈیو ہے ۔جگن کی یاترا پر ان کی پارٹی کے لیڈروں اورکارکنوں میں کافی جوش وخروش پایا جاتا ہے ۔اس یاترا کے آغاز کے موقع پر جگن نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کی عاجزی پر ان کے دل سے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے والد و غیر منقسم آندھراپردیش کے وزیراعلی راج شیکھر ریڈی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔انہوں نے وزیراعلی چندرابابونائیڈو پرنکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ چندرا بابو نائیڈو سے عمر میں نصف ہیں۔وہ ان کے فرزند کی طرح ہیں تاہم ان کا مقصد سیاسی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنا ہے ۔جگن نے ان کے سیاسی عزائم میں رکاوٹیں ڈالنے کا بھی چندرا بابوپر الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کی موت کے آٹھ سال کے باوجود ان کے ساتھ چٹان کی طرح عوام کھڑے ہیں اور ان پر غیرمشروط محبت نچھاور کر رہے ہیں