حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سابق وزیر و اے پی ایم ایل سی تلگو دیشم مسٹر ڈی مانکیا ورا پرساد نے وائی ایس آر کانگریس کو ڈوبنے والی کشتی قرار دیا اور کہا کہ بہت جلد وائی ایس آر کانگریس کا وجود ختم ہوجائیگا ۔ لہذا اس پارٹی میں شامل قائدین کو چاہئے کہ وہ ہوشیار ہوجائیں اور اس پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کر کے اپنے مستقبل کو قبل از وقت ہی یقینی بنالیں ۔ مسٹر مانکیا ورا پرساد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وشاکھا پٹنم میں تلگو دیشم کے مہاناڈو پروگرام کے کامیاب انعقاد کو دیکھنے کے بعد اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس اور کانگریس کے ہوش اڑ گئے ۔ جس کی وجہ سے گرما کے موسم میں بھی وائی ایس آر کانگریس اور کانگریس قائدین کو سردی بخار شروع ہوگیا ہے ۔ انہوں نے وائی ایس آر کانگریس اور کانگریس قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان دونوں پارٹیوں کو حکومت کے پروگرامس و پالیسیاں جن پر تیزی کے ساتھ عمل آوری کی جارہی ہیں دکھائی نہیں دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین و کارکنوں کے بھر پور تعاون اور سخت محنت کی وجہ سے تلگو دیشم پارٹی مہاناڈو پروگرام کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ مہاناڈو پروگرام میں ریاست آندھرا پردیش کی ترقی و دیگر اہم مسائل پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔