پارٹی قائدین و حامیوں سے مشاورت ، سابق صدر پی سی سی کا اعتراف
حیدرآباد ۔ /31 مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کانگریس کے سینئر قائد مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ پارٹی قائدین اور حامیوں سے بھی مذاکرات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ سابق صدرپردیش کانگریس کمیٹی و سابق ریاستی وزیر مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے اعتراف کیا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین نے ان سے ملاقات کی ہے اور انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے ۔ جس کو انہوں نے قبول کرلیا ہے ۔ تاہم کب اور کیسے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونا ہے ۔ اپنے حامیوں سے مذاکرات کرنے کے بعد وہ قطعی فیصلہ کریں گے ۔ مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا کا ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے کٹر حامیوں میں شمار ہوتا تھا ۔ تاہم ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی موت کے بعد ان کے فرزند جگن موہن ریڈی کی جانب سے تشکیل دی گئی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں وہ شامل نہیں ہوئے تھے بلکہ جگن کو اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ تاہم سیاست میں کوئی کسی کا مستقل دوست اور دشمن نہیں ہوتا ۔ مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا کے فیصلے سے واضح ہوتا ہے ۔