بوتسہ کی شمولیت پر ایس رنگاراؤ کی ناراضگی ، حامیوں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بوتسہ ستیہ نارائنا کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی مسٹر ایس رنگاراؤ ناراض ہوگئے ۔ حامیوں کا اجلاس طلب کیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین انہیں عجلت میں کوئی فیصلہ نہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا کی وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت کے بعد وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں اندرونی اختلافات پیدا ہوگئے ہیں اور ضلع وجیانگرم میں سیاسی ماحول تبدیل ہورہا ہے ۔ بوتسہ ستیہ نارائنا سے اختلافات کے باعث کانگریس سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے والے رکن اسمبلی مسٹر ایس رنگاراؤ نے اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا ہے اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر جگن موہن ریڈی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے مشاورت کیے بغیر جگن موہن ریڈی نے بوتسہ کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل کیا ہے جس سے ان کے جذبات کو ٹھیس پہونچی ہے ۔ مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے وہ اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کرچکے ہیں کیوں کہ ان کے حامی ہی انہیں صحیح مشورہ دے سکتے ہیں ۔ رنگاراؤ کے حامیوں نے انہیں پارٹی چھوڑ دینے کا مشورہ دیا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے پارٹی کے سینئیر قائدین کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ ایس رنگاراؤ سے بات چیت کریں ۔ ان کی جو بھی شکایت ہے وہ اس کو سننے اور مسائل کو حل کرنے کیلئے تیار ہے ۔ مذاکرات سے ہی مسائل کا حل برآمد ہوسکتا ہے ۔۔