وائی ایس آر کانگریس سے تمام ارکان اسمبلی دوری اختیار کرلیں گے: تلگودیشم

حیدرآباد۔/24فبروری، ( سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن آندھرا پردیش قانون ساز کونسل مسٹر ایس چندرا موہن ریڈی نے قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی سرگرمیوں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کا تحفظ کرلینے کی ہمت نہ رکھنے والے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ہر سطح پر مختلف نوعیت کی نمائندگیاں کرتے ہوئے صرف اپنا مقام بنانے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ سال2019 تک وائی ایس آر کانگریس پارٹی بالکل خالی ہوجائے گی اور اس پارٹی سے کوئی بھی رکن اسمبلی وابستہ نہیں رہیں گے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر چندرا موہن ریڈی نے مزید کہا کہ اگر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ریاست آندھرا پردیش کی ہونے والی تیز رفتار ترقی کی مخالفت جاری رکھیں گے تو خود ریاست آندھرا پردیش کے عوام ہی ان سے انحراف کرکے پرزور مخالفت شرو ع کردیں گے۔
اپوزیشن کے خلاف چندرا بابو نائیڈو کی سازش : وائی ایس آر کانگریس
وجئے واڑہ۔/24فبروری، ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی گڈی واڑہ مسٹر کے نینی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر غیر اخلاقی سیاست اور ریاست میں اپوزیشن کے خلاف سازش رچنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس  پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہوئے ان کا استعفی دیئے بغیر تلگودیشم میں شامل ہونا غیر اخلاقی ہے۔ انہوں نے منحرف ارکان اسمبلی کو ضمنی انتخابات میں اپنی طاقت کے مظاہرہ کا چیلنج کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کیا کہ وہ انحراف کرنے والے وائی ایس آر کانگریس ارکان کو پہلے مستعفی ہونے کی ہدایت دیں اور پھر انتخابی مقابلہ کرتے ہوئے عوامی تائید کا ثبوت دیں۔