وائی ایس آر کانگریس اور بی جے پی پر لاشوں پر سیاست کرنے کا الزام

آندھراپردیش میں امن و ضبط کی برقراری کیلئے چیف منسٹر کی توجہ ، وزیر داخلہ کا بیان
حیدرآباد /20 فروری ( سیاست نیوز ) ڈپٹی چیف منسٹر برائے امورداخلہ آندھراپردیش مسٹر چنا راجپا نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی و بی جے پی کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ دونوں ہی پارٹیاں ’’ لاشوں پر سیاست ‘‘ کرنے کے عادی ہیںاور اس طرح کی سیاست کرنے کی دونوں پارٹیاں اپنی عادت سے مجبور ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کسان کوٹیا کی موت پر پولیس پر الزامات عائد کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہوگی ۔ مسٹر چنا راجپا نے واضح طور پر کہا کہ امن و ضبط کی برقراری میں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اپنی مکمل توجہ مبذول کئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے کسان کوٹیا کی زندگی بچانے کی مکمل کوشش کی اور اسی پولیس پر کوٹیا کو ہلاک کرنے کے الزامات عائد کرنا اچھی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین کے پارٹی سے مستعفی ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قائدین جنہیں مکمل طور پر یہ بھروسہ ہوچکا ہے کہ انہیں انتخابات میں پارٹی ٹکٹ حاصل نہیں ہونے والا ہے ۔ ان حالات کی روشنی میں ہی محض دیگر پارٹی میں شامل ہوکر پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کے مقصد سے ہی تلگودیشم سے مستعفی ہوکر وائی ایس آر کانگریس پاٹی میں شامل ہوکر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ تلگودیشم سے قائدین مستعفی ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی سے مستعفی ہونے والے قائدین کے بجائے اور بھی بہتر قائدین کو انتخابات میں پارٹی ٹکٹ فراہم کئے جائیں گے ۔