وائی ایس آر قائدین پر جیہ کی سزاء کا خوف

جگن موہن ریڈی مقدمات سے فکر مندی ، بی جے پی کی جانب رغبت
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( ایجنسیز ) : سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا کو ایک مقدمہ میں سزا سنائے جانے کے بعد انا ڈی ایم کے قائدین میں کوئی اثر دیکھا گیا یا نہیں اس سے قطع نظر ہماری پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس کے قائدین جیہ للیتا کی سزا سے ضرور فکر مند نظر آرہے ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس کے چند قائدین بی جے پی کی جانب دیکھ رہے ہیں جبکہ جگن موہن ریڈی کے ضلع کڑپہ سے تعلق رکھنے والے دو ارکان اسمبلی بھی اس صف میں شامل ہیں ۔ جب کہ بی جے پی اے پی میں اپنی طاقت بڑھانے کے لیے وائی ایس آر کانگریس قائدین کو بی جے پی میں شمولیت کے لیے راغب کررہی ہے ۔ ریاست اے پی میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار نہیں آنے پر اس کے ارکان پر پارٹی کی گرفت نہیں رہی ۔ رشوت معاملات میں پارٹی سربراہ کے خلاف عدالتی کشاکش و جانچ اور حالیہ طور پر مختلف عدالتوں کے فیصلوں سے بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کارکنان فکر مند ہیں جب کہ وائی ایس آر پارٹی قیادت کے تعلق سے عدالت کے کوئی سخت فیصلہ کے بعد وہ دوسرے متبادل قائد کی فکر ضرور رکھتے ہیں ۔ دریں اثناء بی جے پی دو مقاصد کے تحت کام کرتی نظر آتی ہے ایک پارٹی کو ریاست اے پی میں طاقتور بنانا اور دوسرا کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس کے باغی ارکان کو بی جے پی میں شمولیت کے لیے راغب کرنا ۔۔