تلنگانہ بجٹ مثالی ہوگا، آج کے سی آر چھتیس گڑھ روانہ ہوں گے، کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد یکم نومبر( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کا مجوزہ بجٹ مثالی بجٹ ہوگا جس میں عوامی ضرورتوں کے مطابق رقومات مختص کی جائیں گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی راما راو نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے تجربات کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے اپنا پہلا بجٹ روایت سے ہٹ کر تیار کیاہے۔2014-15 کا بجٹ مکمل عوامی بجٹ ہوگا اورحکومت عوامی فلاح و بہبود سے متعلق نئی اسکیمات کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر بجٹ اجلاس میں مباحث کیلئے تیار ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اگر اپوزیشن کے پاس مسائل ہوں تو انہیں اسمبلی اجلاس میں پیش کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں غیر ضروری طور پر حکومت کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ دیگر جماعتوں کے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت پر کانگریس کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جس وقت وائی ایس چندر شیکھر ریڈی نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو کانگریس میںشامل کیا اس وقت کانگریس قائدین کو اصول اور اقدار کا خیال نہیںآیا اب جبکہ عوامی نمائندے حکومت کی پالیسیوں سے متاثر ہوکر ٹی آر ایس میںشمولیت اختیار کررہے ہیں کانگریس اور تلگودیشم عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی اور آبپاشی کے شعبوں میں آئندہ تین برسوں میں کافی ترقی ہوگی۔ انہوں نے برقی کی قلت سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ چھتیس گڑھ سے 1000میگا واٹ برقی کی خریدی کے معاہدہ کیلئے چیف منسٹر چندر شیکھر راو اتوار کو چھتیس گڑھ کا دورہ کریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ سے معاہدہ کے بعد توقع ہے کہ ڈسمبر سے تلنگانہ میں برقی کی قلت پر بتدریج قابو پالیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں نئے برقی پراجکٹس کے قیام کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔