واشنگٹن 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے دولت اسلامیہ عراق و شام کو نیست و نابود کردینے اور اس کے خلاف لڑائی کیلئے عالمی اتحاد کی تشکیل کے بعد داعش بھی حرکت میں آگئی ہے۔ اس تنظیم کے جنگجوؤں نے ایک نیاویڈیو جاری کیا ہے جس میں وائٹ ہاوز کو نشانہ بنانے اور امریکی سپاہیوں کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ اس ویڈیو کو بلاک بسٹر فلم ”Coming Soon” کے ٹریلر کی طرز پر بنایا گیا ہے جس میں نقاب پوش شخص کو اس کے سامنے ایک خطار میں بیٹھے افراد (قیدیوں) پر برہم ہوتے دکھایاگیا ہے ہوسکتاہیکہ وہ نقاب پوش شخص اپنے سامنے گھٹنوں کے بل بیٹھے ہوئے قیدیوں کے سروں میں گولیاں چلانے والا ہو۔ یہ ویڈیو ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی کمانڈرس نے صدر اوباما کو مشورہ دیا کہ امریکی فوج کو عراقی فوج کے شانہ بشانہ داعش کے جنگجووں کے خلاف زمینی لڑائی میں حصہ لینے روانہ کیا جائے۔حالانکہ بارک اوباما نے واضح طور پر کہہ دیا ہیکہ امریکی سپاہی کسی بھی حال میں زمین لڑائی میں حصہ نہیں لیں گے ۔ دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہیکہ افغانستان اور عراق میں زمینی لڑآئی میں امریکی فوجیوں کو کس طرح بدترین حالات سے گذرنا پڑا ہے اس بارے میں اوباما اور امریکی قوم اچھی طرح واقف ہے ۔
اگر عراق میں داعش کے خلاف زمینی لڑائی کے دوران کچھ امریکی سپاہی پکڑے جاتے ہیں تو داعش کے جنگجو انہیں ایک ڈھال کی طرح استعمال کریں گے یا پھر ان کے سر تن سے جدا کرنے کی ویڈیوز روانہ کرنے کا سلسلہ تیز ہوجائے گا ۔ مغربی دفاعی تجزیہ نگاروں کو اس بات پر حیرت ہیکہ داعش میں ایسے تعلیمیافتہ جنگجو شامل ہیں جو ملٹی میڈیا کے علاوہ میڈیا سے متعلق سافٹ ویر میں مہارت رکھتے ہیں تب ہی تو اس طرح کا ویڈیو جاری کیا گیا ہے۔ 52 سکنڈس کے اس ویڈیو میں اوباما کے اس عہد کو دکھایا گیا جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ امریکہ عراق میں زمینی لڑائی کیلئے اپنی فوج نہیں بھیجے گا ۔ ویڈیو میں امریکی سپاہی کو گولی سے مارتے ہوئے دکھایا گیا جو اس بات کا اشارہ تھا کہ عراق میں امریکی فوج واپس ہوتی ہے تو اس کا کیا حال ہوگا۔ یہ ویڈیو آئی ایس آئی ایس کے انگریزی پروپگنڈہ ونگ الحیات میڈیا سنٹر نے جاری کیا ۔اس میں آئی ایس آئی ایس کے جنگجو کو جہادی لباس میں پیش کیاگیا ۔