احمدآباد 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات ہائی کورٹ نے ایک ویب نیوز پورٹل ’دی وائر‘ کے خلاف بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے بیٹے جئے شاہ کی طرف سے دائر کردہ ہتھک مقدمہ میں تحت کی عدالت کے احکام کو چیلنج کرتے ہوئے پیش کردہ درخواست کو آج مسترد کردیا۔ جسٹس پریش اپادھیا نے درخواست گذاروں کو جن میں مضمون کی مصنف روہن سنگھ اور نیوز پورٹل کے بانی ایڈیٹرس بھی شامل ہیں، ہدایت کی کہ پابندی کے احکام کو تحت کی عدالت میں ہی چیلنج کریں۔ ہائی کورٹ نے تحت کی عدالت کو بھی یہ ہدایت کی کہ اس مسئلہ پر اندرون 30 یوم فیصلہ کردیا جائے۔ عدالت نے کہاکہ ’’تحت کی ایک عدالت کے ایک پرنقص، عبوری اور یکطرفہ طور پر خارج کئے جانے والے حکم کے ضمن میں کی جانے والی اپیلوں کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ مدعیان کو اختیار دیا جاتا ہے کہ وہ اس مقدمہ کو چیلنج کرنے یا پھر کم سے کم عبوری امتناع کے تحت کی عدالت سے ہی رجوع ہوں‘‘۔