نیپال کو امریکہ کی ہنگامی امداد ،زلزلہ کے متاثرین سے اظہار ہمدردی

نئی دہلی ۔ 26 ؍ اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے نیپال میں گذشتہ روز کے زلزلہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس دشوارکن گھڑی میں (امریکہ) اس علاقے اور نیپال کے متاثرہ عوام کے ساتھ ہے ۔ متاثرین کی مدد اور راحت رسانی کے لئے حکومت نیپال کے ساتھ امریکی حکومت بھرپور تعاون کر رہی ہے ۔ کٹھمنڈو میں امریکی سفیر پیٹر بوڈ نے ایک ملین امریکی ڈالر پر مشتمل امداد کی فی الفور اجرائی کے لئے آفات سماوی کا علان کر دیا ۔ امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقیات وہاں ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم کی تعیناتی کی تیاری کر رہی ہے ۔ امریکی فوجی ڈاکٹرس و نیم طبی اسٹاف زخمیوں اور بیماروں کو طبی امداد پہنچانے کے لئے نیپالی فوج کے ساتھ کام کر رہے ہیں ۔ امریکہ نے نیپال کے لئے اپنی انسانی و ہنگامی امداد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔