نیپال کا راشٹرپتی بھون بھی زلزلوں سے متاثر

صدر رام برن یادو 6 دن خیموں میں گزارنے پر مجبور
کٹھمنڈو ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں 25 اپریل کو آئے زلزلہ کے نتیجہ میں برطانوی دور میں تعمیر شدہ راشٹرپتی بھون کا ایک بڑا حصہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے بعد تکنیکی ٹیم نے اس تاریخی عمارت کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے سرخ اسٹیکرس چسپاں کردیئے ہیں۔ تکنیکی ماہرین نے کہا ہے کہ اب اس تاریخی عمارت کو مکمل طور پر منہدم کرتے ہوئے دوبارہ تعمیر کرنا ہوگا۔ ’شیتل نواس‘ سے موسوم راشٹرپتی بھون میں اب صرف چار کمرے قابل استعمال رہ گئے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نیپال کے صدر رام برن یادو زلزلوں کے فوری بعد صدارتی محل سے باہر نکل گئے تھے اور اپنی رہائش گاہ میں شگاف پڑجانے کے نتیجہ میں کم سے کم 6 دن تک خیموں میں مقیم رہے۔

نیپال کو سکم کا عطیہ
گنگٹوک۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ سکم پون چاملنگ ان کے کابینی رفقاء اور ریاستی لیجسلیٹرس نیپال میں زلزلہ متاثرین کے لئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کا نصف حصہ بطور عطیہ دیں گے۔ مسٹر چاملنگ نے فیس بک پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ، وزراء اور ایم ایل ایز اپنی تنخواہ کا نصف حصہ اور ریاستی حکومت کے تمام ملازمین ایک روز کی تنخواہ بطور عطیہ پیش کریں گے۔ 28 اپریل کو ریاستی کابینہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔