نیپال میں ہندوستانی سفارت خانہ میں کار شعلہ پوش

کٹھمنڈو۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں ہندوستانی سفارت خانہ کے مطابق اسٹاف کے ایک رکن کی گاڑی شارٹ سرکٹ کے باعث شعلہ پوش ہوگئی اور بعض سیاسی جماعتوں کے کیڈر کی جانب سے اسے نذرآتش کئے جانے کی تردید کی ہے۔ سفارت خانہ کے ترجمان نے بتایا کہ ایمبیسی کی گیٹ کے قریب گاڑی کو اس وقت شارٹ سرکٹ سے آگ لگی جب اسٹاف رکن اسے پارک کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ میڈیا میں یہ اطلاع شائع ہوئی تھی کہ نیترا بکرم چند کی زیرقیادت سی پی این ۔ ماؤسٹ کے کیڈر نے اس گاڑی کو آگ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہندوستانی سفارت خانہ نے اس کی تردید کی اور ٹوئٹ کیا کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا اور اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔