نیپال میں چھوٹا طیارہ حادثہ کا شکار 16 افراد زخمی

کھٹمنڈو ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہمالیائی مملکت نیپال کے شمال مغربی کوہستانی علاقہ ہوملہ ڈسٹرکٹ میں ایک چھوٹا طیارہ حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں 16 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن میں 13 پولیس اہلکار بھی شامل تھے جو انتخابی ڈیوٹی پر تھے۔ تارہ ایر کا طیارہ جب سیمی کوٹ ایرپورٹ سے ٹیک آف کرنے لگا تو اچانک اس کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔ طیارہ سرکھیت کے لئے اڑان بھرنے کی تیاری کرچکا تھا۔ پولیس سربراہ رانا بہادر چند نے یہ بات بتاتے ہوئے کہا کہ حادثہ صبح 9 بجے کے قریب پیش آیا جس میں پائلٹ باسنتالاما کو سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں جبکہ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ہوملہ ڈسٹرکٹ میں انتخابی ڈیوٹی انجام دینے کے بعد تمام پولیس اہلکار سرکھیت واپس آرہے تھے۔ یاد رہیکہ نیپال میں صوبائی اور پالیمانی انتخابات دو مراحل میں بالترتیب 26 نومبر اور 7 ڈسمبر کو ہورہے ہیں جن میں سے 26 نومبر کو مقررہ رائے دہی مکمل ہوچکی ہے۔