جنیوا ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے آج دیڑھ کروڑ امریکی ڈالر ہنگامی امداد کے طور پر زلزلہ سے متاثرہ نیپال کیلئے جاری کردیئے تاکہ ملک میں راحت رسانی کارروائیوں کی سطح میں اضافہ کیا جاسکے۔ نیپال کو غذا، پانی، برقی توانائی اور ادویہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے نائب معتمد عمومی برائے انسانی امور ویلیری اموس نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ نیپال کیلئے اقوام متحدہ کے ہنگامی فنڈ سے دیڑھ کروڑ امریکی ڈالر جاری کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نیپال کے مضافات اور دیہاتی علاقوں کی ضروریات کا بالکل درست تخمینہ نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم یہ ہنگامی اجلاس فوری طور پر انسانی جانیں بچانے کے کام آئے گی۔
نیپال میں زلزلے کے مابعد جھٹکے
گورکھا/ کھٹمنڈو ۔ /28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیپال کے دوردراز علاقوں میں زلزلے کے 4 دن بعد بھی کئی مقامات پر مابعد جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ مقامی عوام نے بتایا کہ ایسا لگ رہا تھا جیسے زمین ہل رہی تھی ۔ کھٹمنڈو میں متاثرین کیلئے امداد کی فراہمی مشکل ہوگئی ہے کیونکہ یہاں ایندھن ، غذا ، ادویات ، توانائی کی کمی ہے ۔