نیپال میں دوسرے دن بھی زلزلے ، 10,000 ہلاکتوں کا اندیشہ

کٹھمنڈو۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کوہ ہمالیہ کے دامن میں واقع ملک نیپال لگاتار دوسرے روز آج بھی طاقتور زلزلوں سے دہل گیا۔ نیپالی حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ دو دن کے زلزلوں میں 10,000 سے زائد ہلاکتیں ہوسکتی ہیں ۔ پانچ ہندوستانیوں کے بشمول اب تک مرنے والوں کی تعداد 2500 ہوگئی ہے ۔ تازہ زلزلوں کے جھٹکے علی الترتیب صبح 6.7 ، 6.5 اور شام میں 5.4 کی شدت کے ساتھ ہوئے ۔ نیپال کے تمام دواخانے نعشوں اور زخمیوں سے بھر گئے ہیں ۔ اسرائیل نے 25 شیرخواروں کو علاج کیلئے منتقل کیا ہے ۔ پشوپتی ناتھ مندر کے قریب اجتماعی آخری رسومات انجام دی جارہی ہیں ۔ ہندوستان سے بچاؤ کاری ٹیمیں روانہ ہوچکی ہیں ۔ 700 ارکان پر مشتمل ماہرین کی ٹیم کام کررہی ہے ۔ ملبہ میں بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے ۔ گزشتہ روز 7.9 شدت کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2,200 ہوچکی ہے۔ دیگر 5,600 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران ہلاکت خیز زلزلہ میں بے گھر ہونے والے ہزاروں خوفزدہ متاثرین نے مابعد کے جھٹکوں اور مزید زلزلوں کی پیش قیاسی کے نتیجہ میں سڑکوں اور کھلے میدانوں میں سرد رات گذاری۔ ان میں ایسے بھی کئی افراد شامل تھے جو زلزلوں کے خوف سے گھر واپسی سے پس و پیش کررہے ہیں۔ نیپال کی وزارتِ داخلہ سے دستیاب تازہ ترین اعداد کے مطابق 2,200 سے زائد افراد ہلاک اور دیگر 5,654 زخمی ہوئے ہیں

صرف وادی کٹھمنڈو میں ہی مہلوکین کی تعداد 1,053 ریکارڈ کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ امداد و راحت رسانی کی ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کیلئے ملبہ کی صفائی میں مصروف ہیں، لیکن تازہ زلزلہ بارش و برفباری کے سبب ان کا کام متاثر ہوا ہے۔ 6.7 شدت کے طاقتور زلزلے اور 6.5 شدت کے بعد کے جھٹکہ سے خوفزدہ ہزاروں افراد جان بچانے کیلئے خوف و ہراسانی کی عالم میں کھلے مقامات کی طرف بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ نیپال کی درج شدہ تاریخ میں 80 سال کے دوران یہ پہلا انتہائی تباہ زلزلہ تھا جس کے بعد اس ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ہندوستان و چین کے بشمول کئی بین الاقوامی ٹیمیں راحت رسانی کیلئے کٹھمنڈو پہنچ گئی ہیں۔ کوہ ایوریسٹ کے قریب مابعد کے جھٹکوں سے چٹانیں کھسکنے کے سبب تقریباً 22 کوہ پیما زندہ دفن اور دیگر 60 زخمی ہوگئے ہیں۔ مہلوکین جن میں گوگل کے ایک ایگزیکٹیو ڈان فریڈن برگ بھی شامل ہیں۔ نیپال کے پڑوسی ملکوں ہندوستان اور چین کے علاوہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی زلزلے ہوئے ہیں۔