اقوام متحدہ۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے معتمد عمومی بانکی مون نے آج زلزلہ سے متاثرہ نیپال کو تیقن دیا کہ عالمی ادارہ راحت رسانی کی اپنی کوشش میں اضافہ کرے گا اور انسانی بحران سے نمٹنے میں بھرپور تائید فراہم کرے گا ۔ بانکی مون نے حکومت نیپال کو گہری تعزیت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو ہلاکتوں ‘ کثیر تعداد میں زخمیوں اور زلزلہ کے جھٹکوں میں اضافہ تسلسل سے ہونے والی تباہی پر گہرا دکھ پہنچا ہے ۔ کئی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں اور نیپال کے ثقافتی ورثاء کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔ اقوام متحدہ بین الاقوامی تلاش و بچاؤ کارروائیوں میں اپنے تعاون میں اضافہ کردے گی اور بڑے راحت رسانی کاموں میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔ اقوام متحدہ نے کھٹمنڈو میں کثیر تعداد میں ہاسپتلوں میں نعشوں کو محفوظ رکھنے اور ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے سے قاصر رہنے پر اظہار تشویش کیا ہے ۔
اقوام متحدہ کے مقامی عہدیداروں نے اطلاع دی ہے کہ مشرقی علاقہ اور ترائی کا علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ حکومت نیپال نے آفات سماوی کے پیش نظر بین الاقوامی مدد کی درخواست کی ہے ۔ بچاؤ اور راحت رسانی کی کارروائیوں کی صلاحیت کم ہونے کی وجہ سے وہ طبی ٹیموں ‘ رسد کی سربراہی اور عارضی ہسپتالوں کے قیام ‘ ملبہ ہٹانے کیلئے بھاری آلات ‘ ٹرانسپورٹ کیلئے ہیلی کاپٹرس تاکہ دورآفتادہ ناقابل رسائی مقامات تک رسائی حاصل کی جاسکے ‘ مدد کی اپیل کی ہے ۔ صدر جنرل اسمبلی اقوام متحدہ سام کوٹیسا نے بھی گہری تشویش اور رنج و غم کا اظہار کیا ۔ اقوام متحدہ کے آبادی فنڈ کے ایکزیکٹیو ڈائرکٹر بابا ٹنڈے اسوٹی نینن نے بھی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ انہیں اسے اس سانحہ سے صدمہ پہنچا اور وہ غمگین ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افراد کے تحفظ اور خاص طور پر بچوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔ ویٹیکن سٹی سے موصولہ اطلاع کے بموجب پوپ فرانسیس نے کہا کہ وہ بڑے پیمانے پر زلزلہ سے پھیلنے والی تباہی پر گہرا رنج و غم محسوس کرتے ہیں ۔ انہوں نے تمام متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ورثاء کو اپنی دعاؤں میں اولین ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں اور ہنگامی ارکان عملہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سانحہ سے متاثر افراد کو بچانے اور اُن کو راحت رسانی کی کوششیں جاری رکھنی چاہیئے ۔ سنگاپور سے موصولہ اطلاع کے بموجب سنگاپور نے زلزلہ سے متاثرہ نیپال کو ایک لاکھ ڈالر مالی ‘ طبی امداد اور تلاش و بچاؤ ٹیمیں روانہ کرنے کا تیقن دیا ۔ وزیر اعظم سنگاپور لی سین لونگ نے ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وزیراعظم نیپال سشیل کوئرالا کو ملک کو پہنچنے والے اس زبردست نقصان پر اظہار رنج کرتے ہوئے امداد کا پیشکش کیا ہے ۔