نیٹو اجلاس: سریع الحرکت دستہ قائم کرنے کا فیصلہ

لندن ، 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی رکن مملکتیں سریع الحرکت دستہ قائم کرنا چاہتی ہیں۔ برطانیہ میں جاری نیٹو سربراہی اجلاس میں بتایا گیا کہ یہ دستہ تقریباً چار ہزار فوجیوں پر مشتمل ہو گا۔ مزید یہ کہ ہنگامی صورتحال میں کسی بھی رکن مملکت کو تحفظ فراہم کرنا اس کی ذمہ داری ہو گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیٹو یوکرائن کی افواج کو جدید بنانے کیلئے تعاون بھی فراہم کرے گا۔ اجلاس کے پہلے روز اسلامک اسٹیٹ کی شدت پسندی کے موضوع پر بھی بات ہوئی۔

نواز شریف ہی پاکستان کے
منتخب لیڈر ، امریکہ کا تاثر
واشنگٹن ۔ 5 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہیکہ وہ پاکستان میں جمہوری نظام میں ’’ماورائے دستور تبدیلی‘‘ مسلط کرنے کی کوئی بھی کوششوں کا مخالف ہے اور وزیراعظم نواز شریف کی اس ملک کے منتخب لیڈر کی حیثیت سے تائید کرتا ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا امریکہ نواز شریف کی بدستور تائید کرتا ہے اور عمران خان و دیگر مظاہرین کیلئے اس کا کیا پیام ہے؟ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی نائب ترجمان میری ہارف نے اخباری نمائندوں کو بتایا ، ’’ہاں ہم ہنوز ایسا کرتے ہیں۔ وہ (شریف) منتخب لیڈر ہیں ۔ ہم نے یہ بارہا کہا ہے ، اور ہم اسلام آباد میں مظاہروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘‘۔