نیویارک میں 2 پولیس اہلکار کا قتل ، سیاہ فام نوجوان کے قتل کا انتقام

نیویارک ۔ 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر نیویارک میں مسلح شہری نے سیاہ فام نوجوان کے قتل کے بدلے میں دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔نیویارک پولیس کمشنر کے مطابق حملہ آور کی شناخت اسماعیل برنسلے کے نام سے ہوئی ہے۔ مسلح شخص نے حملے سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’ انہوں نے (پولیس نے)ہم سے ایک ساتھی چھینا، ان سے 2چھین لو‘‘۔واقعے کے بعد سیاہ فام حملہ اآور نے گرفتاری سے بچنے کے لئے خود کشی کرلی۔حکام کا کہنا ہے کہ برنسلے نے نیویارک آمد سے قبل بالٹی مور میں اپنی گرل فرینڈ کو گولی مار کر زخمی بھی کیا تھا۔ بالٹی مور کائونٹی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اسماعیل برنسلے کے دھمکی آمیز پیغام کے بعد واقعے سے آدھا گھنٹہ قبل نیویارک پولیس سے ٹیلی فون پر رابطہ بھی کیا اور انہیں حملہ آور کی تصویر بھی فیکس کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں سیاہ فام شہریوں کے قتل کے بدلے میں سیاہ فام شہری نے دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔ دونوں اہلکاروں کا تعلق نیویارک سٹی پولیس ڈپارٹمنٹ سے تھا جن کی شناخت 40 سالہ راموس اور 32 سالہ وینچیان لیو کے نام سے ہوئی ہے۔ نیویارک پولیس کمشنر ولیم بریٹن کے مطابق دونوں اہلکار بیڈ فورڈ اسٹیوزنٹ کے علاقے میں پٹرولنگ میں مصروف تھے کہ حملہ آور نے ان کی کار پر گھات لگا کر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کو ان کی وردی کی وجہ سے ہدف بناکر نشانہ بنایا گیا۔ یہ 2011 کے بعد نیویارک پولیس اہلکاروں کے قتل کا پہلا واقعہ ہے۔ پولیس افسر کے مطابق حملہ آور نے پولیس کار کو پیچھے سے نشانہ بنایا اور دونوں اہلکاروں کو سروں پر گولیاں ماریں اور جائے وقوع سے پیدل فرار ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے پولیس گرفتاری سے بچنے کے لئے ریلوے اسٹیشن پر خود کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا دو بہادر آج رات اپنے پیاروں سے ملنے اپنے گھر نہیں جاسکیں گے۔ پولیس کمشنر کے مطابق مسلح شخص کی شناخت اسماعیل برنسلے کے نام سے ہوئی ہے اور اس نے پولیس کیخلاف آن لائن تبصرے کئے تھے۔ اس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’’ انہوں نے ہم سے ایک چھینا، ان سے دو چھین لو‘‘۔ ان کے اس پیغام کے ساتھ سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں قتل کئے جانے والے ایرک گارنر اور مائیکل برائون کے ہیش ٹیگز کے حوالے بھی دیئے گئے تھے۔