نیویارک ۔ 27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ وزیراعظم ہند نریندر مودی جو ہندوستان میں شہروں کو مزید ترقی یافتہ بنانے متعدد پراجکٹس کا آغاز کرچکے ہیں ، اُس سلسلہ کی کڑی میں انھوں نے آج نیویارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو سے ملاقات کی جہاں بڑے بڑے شہروں کو درپیش مسائل خصوصی طورپر دہشت گردی کے خطرات ، پولیس ، عوامی اجتماع اور بھیڑ بھاڑ سے نمٹنا جیسے ہندوستان میں ’’کمبھ میلہ‘‘ کا انعقاد جیسے موضوعات زیربحث آئے ۔ یاد رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم کی امریکہ آمد کے بعد یہ پہلی سرکاری مصروفیت تھی جہاں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ 9/11 جیسے دہشت گردانہ حملوں کے بعد نیویارک پولیس کا رول کیسا رہا جبکہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر جیسی عالمی نوعیت کی خوبصورت عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس میں 3000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ دریں اثناء وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وزیراعظم مودی یہ بات جاننے کے خواہاں تھے کے شہری مسائل سے یہاں کس طرح نمٹا جاتا ہے کیونکہ وہ خود بھی شہری ترقیات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ بھیڑ بھاڑ والے اجتماعات جیسے ’’کمبھ میلہ ‘‘ کے دوران اگر کراؤڈ مینجمنٹ کا مسئلہ درپیش ہو تو اُسے کس طرح روبہ عمل لایا جائے ۔