نئی دہلی ، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ کو ہند۔ امریکہ نیوکلیر معاملت پر دستخط کو اپنی 10 سالہ میعاد کے بہترین لمحات میں سے قرار دینے پر ہدف تنقید بناتے ہوئے سی پی آئی (ایم) نے آج کہا کہ یہ شاید اس ملک کیلئے ’’بدترین‘‘ لمحہ ہے۔ ’’جہاں تک اس ملک کا معاملہ ہے، وہ شاید بدترین لمحہ رہا۔ کچھ بھی ٹھوس چیز حاصل نہیں ہوئی، نیوکلیر پاور کی ایک یونٹ کا بھی ابھی تک اضافہ نہیں ہوا ہے۔ لیکن اس کے نتیجے میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی امریکہ سے جڑ چکی ہے،‘‘ سینئر سی پی آئی (ایم) لیڈر سیتا رام یچوری نے ہندوستانی نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو یہ بات بتائی۔
سرحد پر دو پاکستانی اسمگلروں کو گولی مار دی گئی
امرتسر ، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دو پاکستانیوں کو جنھوں نے بین الاقوامی منڈی میں 20 کروڑ روپئے مالیت کی چار کیلوگرام ہیروئن اسمگل کی، ہند۔ پاک سرحد کے پاس گلگڑھ بی او پی میں بی ایس ایف کے ساتھ مختصر انکاؤنٹر میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ بی ایس ایف ڈی آئی جی آر ایس جیسوال نے کہا کہ آج کی ابتدائی ساعتوں میں تین پاکستانی اسمگلرس بی او پی گلگڑھ کے ذریعہ ہندوستانی علاقے میں گھس آئے۔ بی ایس ایف پٹرولنگ پارٹی نے انھیں دیکھ کر خودسپردگی کیلئے کہا لیکن اسمگلروں نے ہندوستانی علاقے کی طرف پیش قدمی جاری رکھی اور ہندوستانیوں پر آٹھ فائر کئے۔