بلسور (اوڈیشہ ) 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج دیسی ساختہ نیوکلیر صلاحیت کے حامل زمین سے زمین پر وار کرنے والے پرتھوی دوم میزائیل کی کامیاب آزمائشی پرواز کی۔ میزائیل کا دائرۂ کار 350 کیلو میٹر ہے۔ اُسے بلسور کے قریب آزمائشی علاقہ میں فوج نے پرواز پر روانہ کیا۔ ڈائرکٹر انٹی گریٹیڈ ٹسٹ رینج ایم وی کے وی پرساد نے کہاکہ میزائیل 300 تا 1000 کیلو گرام وزنی وارہیڈس منتقل کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پرواز مکمل ترین تھی۔ مہم کے تمام مقاصد کی تکمیل ہوئی۔ میزائیل کو متحرک لانچر سے 3.45 بجے شب پرواز پر روانہ کیا گیا۔ میزائیل کے راستے پر ڈی آر ڈی او کے راڈارس نے نظر رکھی تھی۔ برقی، بصری سراغ رساں نظام اور ٹیلی میٹری اسٹیشنس اوڈیشہ بھی پرواز کی نگرانی کررہے تھے۔ بحری جہاز پر تعینات ٹیموں میں ہدف کے قریب خلیج بنگال میں اِس میزائیل کی پرواز اور سمندر میں گرنے کا مشاہدہ کیا۔ دفاع کے ذرائع کے بموجب پرتھوی دوم کی آزمائشی پرواز ہندوستانی فوج کے کمانڈ میں 2003 ء میں شمولیت کے بعد دوسری بار کی گئی ہے۔ اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے قابل ہے اور اِس کے دفاعی نظام اور فوجی اسلحہ خانے پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ پرتھوی دوم ڈی آر ڈی او کا تیار کردہ پہلا میزائیل ہے اور اب اس کی ٹیکنالوجی مسلمہ ہوگئی ہے۔