نیوکلیئر تجربات کے بعد نئے تحدیدات عائد کرنے شمالی کوریا کو انتباہ

واشنگٹن ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے شمالی کوریا کو انتباہ دیا کہ اگر اس نے اپنے پانچویں نیوکلیئر تجربات انجام دیئے ہیں تو اس کے بعد اس پر نئے بین الاقوامی تحدیدات عائد کئے جائیں گے۔ اوباما نے یہ واضح کردیا کہ اب پینگ یانگ کو ایک نیوکلیئر اسٹیٹ کے طور پر ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ اوباما نے جنوبی کوریا کے صدر گیون ہائے اور وزیراعظم جاپان شنزوابے سے اس سلسلہ میں مشاورت کی ہے۔ اوباما نے کہاکہ ہم نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے مل کر دیگر 6 پارٹی حلیفوں کے ساتھ شمالی کوریا کے خلاف کارروائی کریں گے۔ صدر امریکہ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ امریکہ شمالی کوریا کو نیوکلیئر اسٹیٹ کے طور پر ہرگز قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے شمالی کوریا کے 9 ستمبر کو کئے گئے تازہ نیوکلیئر تجربہ کی مذمت کی۔ آج کا نیوکلیئر تجربہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد کی صریحی خلاف ورزی ہے۔ شمالی کوریا نے بین الاقوامی اصولوں اور معیارات کی کوئی پرواہ نہیں کی ہے۔ وہ اپنی ضد کے تحت نیوکلیئر ہتھیاروں اور بالسٹک میزائیلس کی صلاحیتوں کو فروغ دے رہا ہے۔ اوباما کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب بین الاقوامی نگرانکار ایجنسیوں نے شمالی کوریا کے شمال مشرقی نیوکلیئر تجربہ گاہ مقام پر زلزلہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔