نیوزی لینڈ کے شہید نوجوانوں کے خاندانوں کو حکومت سے ایکس گریشیا

نمائندگی کرنے صدرنشین اقلیتی کمیشن قمر الدین کا تیقن، پسماندگان سے ملاقات
حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے صدرنشین محمد قمرالدین نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر دہشت گرد حملے میں شہید حیدرآباد کے نوجوانوں کے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے ایکس گریشیاء کے لیے نمائندگی کرنے کا تیقن دیا۔ محمد قمرالدین نے آج کمیشن کے رکن ایم اے عظیم کے ہمراہ نورخاں بازار میں عزیر قادر کی قیام گاہ پہنچ کر ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ مسجد نور کے دہشت گرد حملے میں یہ نوجوان شہید ہوا تھا۔ محمد قمرالدین نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے مناسب ایکس گریشیا کے لیے سفارش کریں گے۔ انہوں نے شہید نوجوان کے والد قادر حبیب کو پرسہ دیا۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے جو بھی نوجوان اس حملے میں شہید ہوئے ان کے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کے لیے وہ مساعی کریں گے۔ اقلیتی کمیشن حکومت سے ایکس گریشیا کے علاوہ خاندان کے کسی فرد کو روزگار کی فراہمی کی سفارش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نوجوانوں کی میت کو منتقل کرنے کی پسماندگان کی خواہش پر ہر ممکن مساعی کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ شہر کی مختلف تنظیموں کے ذمہ داروں نے بھی صدرنشین اقلیتی کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کے افراد خاندان کو ایکس گریشیاء کے لیے نمائندگی کرنے کی خواہش کی ہے۔