کولکاتا ٹسٹ میں میزبانوں کی 178 رنز سے کامیابی ۔ تین ٹسٹ کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل عبور سبقت۔ 8 اکٹوبر سے اندور میں تیسرا ٹسٹ
کولکاتا ، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پیش کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں 178 رنز سے واضح شکست دے کر سیریز 2-0 کی ناقابل عبور سبقت کے ساتھ آج یہاں جیت لی، جس نے انھیں کٹر حریف پاکستان کو بے دخل کرتے ہوئے آئی سی سی درجہ بندی کی ٹاپ پوزیشن تک پہنچا دیا ہے۔ ویراٹ کوہلی کی ٹیم نے سیریز کا فیصلہ کردینے والی فتح میچ کے چوتھے روز مکمل کرلی جبکہ بلیک کیاپس کیلئے جیت کا بڑا ٹارگٹ 376 مقرر ہوا تھا۔ دورہ کنندگان نے شروعات میں کچھ حوصلہ افزاء مظاہرہ پیش کیا لیکن اُن کی پیشرفت مابعد چائے والے سیشن میں بری طرح بکھر گئی اور وہ 81.1 اوورز میں 197 پر آل آؤٹ ہوگئے، جو انڈیا کا 250 واں ہوم ٹسٹ رہا۔ میزبانوں نے قبل ازیں اپنی دوسری اننگز 76.5 اوورز میں 263 پر ختم کی تھی۔ گزشتہ روز روہت شرما کی 82 رنز کی اننگز کے بعد وردھیمان ساہا نے بھی 120 گیندوں میں 58 رنز اسکور کرتے ہوئے میچ کی اپنی متواتر دوسری ہاف سنچری بنائی جس میں نصف درجن چوکے لگائے۔ نہایت کٹھن ٹارگٹ کا سامنا ہونے پر نیوزی لینڈ نے شروعات بہت اچھی کی جس کے بعد حالات دن کے آخری سیشن میں دگرگوں ہوگئے۔ اوپنر ٹام لاتھم نے کیویز کیلئے 148 گیندوں میں 74 کا ٹاپ اسکور کیا، جس میں آٹھ چوکے شامل ہیں۔ اُن کی اننگز نے نیوزی لینڈ کیلئے کچھ امید جگائی لیکن آف اسپنر روی چندرن اشوین نے چائے کے بعد دوسرے ہی اوور میں اس طرح کے امکان کو ختم کردیا، جب کیوی اوپنر نے وکٹ کیپر ساہا کو کیچ دیا۔ لاتھم کے علاوہ صرف لیوک رونکی نے نمایاں اننگز کھیلی، اور 32 رنز بنائے۔ تاہم بقیہ کیوی بیٹنگ لائن اپ مشکل وکٹ پر ڈٹ کر کھیلنے میں ناکام رہی، جہاں پیسرز اور اسپنرز دونوں نے فائدہ اٹھایا۔ اشوین اور رویندر جڈیجا نے ترتیب وار 3/82 اور 3/41 کے اعداد و شمار درج کرائے جبکہ محمد سمیع (3/46) نے بھی عمدہ ٹھوس بولنگ پرفارمنس میں مساوی وکٹیں لئے۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمنوں کو اَراؤنڈ دی وکٹ بولنگ کرتے ہوئے سمیع نے ریورس سوئنگ کا کمال دکھایا اور متواتر اووروں میں دو بیٹسمنوں مچل سانٹنر (9) اور برائن واٹلنگ (1) کو پویلین واپس بھیجا۔ ایک وکٹ بھونیشور کمار نے لی جنھیں پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ کو ریگولر کیپٹن اور اسٹار بیٹسمن کین ولیمسن کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، جنھیں علالت کے سبب اس میچ کیلئے خارج از امکان قرار دیا گیا تھا۔چنانچہ سینئر کھلاڑی راس ٹیلر کو عبوری کپتان کی ذمہ داری نبھانی پڑی۔ تاہم وہ بڑی اننگز نہیں کھیل پائے۔ ساہا کو دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ ففٹی اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے قابل لحاظ اسکور کو یقینی بنانے پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ قبل ازیں 227/8 پر احیاء کرتے ہوئے انڈین ٹیم 263 پر آل آؤٹ ہوئی اور نیوزی لینڈ کیلئے لگ بھگ ناممکن ٹارگٹ مقرر ہوا۔ کیویز کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ (3/38)، میاٹ ہنری (3/59) اور سانٹنر (3/60) نے فی کس تین وکٹیں لئے۔ دیگر وکٹ نیل واگنر کو ملی۔ دونوں ٹیمیں اب اندور جائیں گی جہاں تیسرا ٹسٹ 8 اکٹوبر کو شروع ہورہا ہے، جس کے بعد پانچ میچ کی او ڈی آئی سیریز منعقد کی جائے گی۔