نیوزی لینڈ کو نئے سال کی شروعات کا اعزاز

شراب خانوں پر تحدیدات کیلئے قانون سازی، نئے سال کی تقریبات
آکلینڈ ۔ یکم جنوری (سید مجیب کی رپورٹ) آکلینڈ کے 328 میٹر بلند اسکائی ٹاور پر آتشبازی سے نئے سال کے استقبال کی تقریبات کا آغاز ہوا۔ نیوزی لینڈ دنیا بھر میں سب سے پہلے طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا حامل ملک ہے۔ چنانچہ دنیا بھر میں سب سے پہلے نیا سال نیوزی لینڈ میں ہی شروع ہو۔ سردی کی شدت کے باوجود پولیس نے بہتر حفاظتی انتظامات کئے تھے۔ ایک نئی قانون سازی کے مطابق نائٹ کلبس اور شراب خانوں کو 4 بجے شب بند کردینے کا لزوم عائد کیا گیا ہے۔ حالانکہ اِس قانون کی شدت سے مذمت ہوئی لیکن اِس کی سختی سے تعمیل بھی کی گئی۔ کلبوں اور شراب خانوں کے بند ہوجانے کی وجہ سے شدت کی سردی کے باوجود عوام کی اکثریت سڑکوں پر جشن مناتے، ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے دیکھی گئی۔ نئے سال کے موقع پر نیوزی لینڈ کو دنیا بھر میں امکانی طور پر اولین ولادت کا شرف بھی حاصل ہوا۔ 12 بجکر 01 منٹ پر ایک خاتون کو لڑکی تولد ہوئی جس کا وزن 2.26 کیلو گرام ہے۔ خاتون کے بموجب یہ اُن کا پہلی اولاد ہے۔