آکلینڈ ۔4 نومبر ( سید مجیب کی رپورٹ ) آکلینڈ کے ویسٹی کمیونٹی سنٹر میں آج بانی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سرسید احمد خان کی 17اکٹوبر 1817ء کو یوم پیدائش کے موقع پر تزک و احتشام کے ساتھ یوم سرسید منایا گیا ۔ یونیورسٹی کے سابق طالب علم عاقب صدیقی نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا مختصر تعارف پیش کیا ۔ سرسید کے تعلیمی کارناموں کی یاد دہانی کرتے ہوئے کاکہ ان کو حقیقی خراج عقیدت ان کے افکار و خیالات کی ترویج کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔محمد پرویز خان کو اس موقع پر مبارکباد پیش کی گئی ۔ محمد توقیر خان نے سرسید کے بیرونی سفر نامہ کے اقتباسات پیش کئے ۔ طاہرہ توفیق صدیقی نے کہا کہ ہر سال سرسید کی یادگار منائی جانی چاہیئے ۔ نمائندہ سیاست (حیدرآباد) سید مجیب نے بانی یونیورسٹی سرسید احمد خان کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔ سرسید نے یونیورسٹی میں انگریزی ذریعہ تعلیم اور عصری علوم کی تعلیم کا آغاز کیا تھا ۔ اس سلسلہ میں انہیں کئی مصائب کا سامنا کرنا پڑا ۔ انتہاپسندوں نے ان کے خلاف کفر کے فتوے جاری کئے لیکن انہوں نے کبھی بھی اس کا اثر قبول نہیں کیا ۔ بعد ازاں حاضرین کیلئے پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا ‘ جس میں 150سے زائد افراد نے شرکت کی ۔آر ایف ضیاء کے کلام پر تقریب اختتام پذیر ہوئی ۔