ملبورن ۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ میں مقیم ہندوستانی طلباء کو بعض نامعلوم افراد فون کالس کے ذریعہ خود کو ایمیگریشن عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے ہزاروں ڈالرس کی مانگ کررہے ہیں۔ حکام نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ہندوستانی طلباء کو ایسے فون کے خلاف خبردار کیا ہے۔ فون کال کرنے والے ایک ایسا طریقہ کار اختیار کئے ہوئے ہیں جس سے یہ معلوم ہو کہ سرکاری محکمہ کے نمبر سے یہ فون کیا گیا ہے۔ ایسے طلباء جو ویزا پروسسنگ یا آمد پر اطلاعاتی کارڈ کے حصول میں مشکلات سے دوچار ہیں، ان سے ویسٹرن یونین کے ہندوستان میں واقع اکاونٹ میں رقم جمع کرانے کیلئے کہا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ میں ہندوستانی نژاد عوام کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہے۔ ایک ہندوستانی شہری اپنی 4 ہزار ڈالر سے زائد رقم سے محروم ہوگئی ہے۔