حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) نیوزی لینڈ میں مسجد پر دہشت گردانہ حملہ میں شہید حیدرآباد ی نوجوان عزیر قادرولد قادر حبیب کی نعش 23 مارچ کی شب حیدرآباد پہنچے گی۔ عزیر گذشتہ جمعہ مسجد النور پر حملہ میں شہید ہوئے تھے اور ان کے والدین و رشتہ داروں نے حکومت سے خواہش کی تھی کہ ان کی نعش کو حیدرآباد منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔عزیر قادر کے بڑے بھائی نعش کے حصول کیلئے نیوزی لینڈ روانہ ہوئے جہاں انہو ںنے اپنے شہید بھائی کی نعش حاصل کرلی ہے اور وہ 23مارچ ہفتہ کی شب حیدرآباد پہنچیں گے۔ گذشتہ جمعہ مسجدالنور نیو زی لینڈ پر کئے گئے دہشت گردانہ حملہ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانو ںکی شہادت کی توثیق ہوئی ہے جبکہ ایک نوجوان احمد اقبال جہانگیر ساکن عنبرپیٹ دواخانہ میں روبہ صحت ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی و مرکزی حکومت کی مداخلت کے بعد عزیر قادر کی نعش کو حیدرآباد لانے کے اقدامات میں تیزی پیدا ہوچکی تھی اور خود شہید کے بڑے بھی عمیر قادر ہفتہ کی شب نعش کے ہمراہ حیدرآباد پہنچیں گے ۔ شہید عزیر قادر کی نماز جنازہ جامع مسجد دارالشفاء میں ادا کی جائے گی اور تدفین مسجد یاسین سے متصل قبرستان میں عمل میں آئے گی۔شہید عزیر کی نماز جنازہ و تدفین کے سلسلہ میں مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر9030194312اور 9246185010پر ربط پیدا کیا جا سکتا ہے۔