آکلینڈ۔ 9؍فروری (سید مجیب کی رپورٹ)۔ کے جی بی کا سابق ایجنٹ نشہ کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں نیوزی لینڈ میں سزا سے بچ گیا، کیونکہ جاسوسی نیٹ ورک نے اسے سزا سے بچانے میں مدد کی تھی۔ غیر ملکی محکمہ سراغ رسانی کے مشیر کی حیثیت سے سرگرم 57 سالہ الیگزنڈر کوزمینوف کے تنفس کے معائنہ سے پتہ چلا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ میں شراب نوشی کی اعظم ترین قانونی حد سے دگنی حد تک شراب نوشی کرچکا تھا، لیکن اس کے وکیل صفائی نے آکلینڈ ڈسٹرکٹ کورٹ میں اسے پرزور بحث کرتے ہوئے سزا سے بچالیا۔ اس نے کہا کہ وہ کئی ممالک کا سفر کرتے ہوئے مقامی سراغ رسانی محکموں کو مدد کرچکا ہے، اس لئے اسے سزا سے استثنیٰ دیا جائے۔ جج ڈیوڈ برنس نے کہا کہ انتہائی نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیگزنڈر کوزمینوف کو سزا نہیں سنائی جارہی ہے۔ وہ بحیثیت مشیر محکمہ سراغ رسانی اپنی کارکردگی جاری رکھ سکتا ہے۔