نیشنل ہیرالڈ کیس میں مالیاتی اُمور کی تفصیلات طلب کرنے کی درخواست

نئی دہلی۔ یکم مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے آج یہاں ایک عدالت سے رجوع ہوکر نیشنل ہیرالڈ کیس میں تحقیقات کے مقصد سے انڈین نیشنل کانگریس، اسوسی ایٹیڈ جرنلسٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ اور ینگ انڈین پرائیویٹ لمیٹیڈ کی مالیاتی اُمور سے متعلقہ بعض دستاویزات طلب کرنے کی گذارش کی ہے۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ لولین کے روبرو ایک درخواست پیش کرتے ہوئے سوامی نے سال 2010 تا 2013 کے درمیان مذکورہ جماعت اور اس کے محاذی اداروں کی بیالنس شیٹ، رسائد، آمدنی اور اخراجات کا گوشوارہ طلب کرنے کی استدعا کی جبکہ اس کیس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی، ان کے فرزند راہول گاندھی، موتی لال وورا، آسکر فرنانڈیز، سمن دوبے اور سیام پیٹروڈا ملزم ہیں۔