نیشنل کانفرنس ڈوبتی کشتی : بی جے پی

جموں ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کا ڈوبتی کشتی سے تقابل کرتے ہوئے بی جے پی نے آج چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ کے اپنی فیملی کے گڑھ گنڈربل نشست کو ترک کردینے کے فیصلے کو اس ریاست میں 6 سال کی غلط حکمرانی کے نتائج و عواقب سے فرار اختیار کرنے کی کوشش قرار دیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر اور جموں کے ایم پی جگل کشور شرما نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ عمر عبداللہ واقف ہیں کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس میدان کھو چکے ہیں جیسا کہ دونوں پارٹیوں نے گزشتہ چھ سال میں کارکردگی پیش کرنے میں کامیابی حاصل نہیں کی۔

کالا دھن : سابق وزیر پرنیت کور کا نام شامل
نئی دہلی ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : کالا دھن رکھنے والوں کی فہرست میں سابق یو پی اے حکومت کی وزیر پرنیت کور کا نام بھی شامل ہے ۔ سپریم کورٹ میں پیش کردہ بیرونی بنکوں کے 627 اکاونٹ ہولڈرس کے ناموں میں سابق چیف منسٹر پنجاب کانگریس کے ڈپٹی لیڈر لوک سبھا امریندر سنگھ کی اہلیہ کا نام بھی شامل ہے ۔