سرینگر۔/13نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکمراں نیشنل کانفرنس اور اپوزیشن پی ڈی پی کے حامیو ں کے درمیان ان کے امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر جھڑپ ہوگئی جو کلگام کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفس میں ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ حامیوں کے درمیان بحث و تکرار تشدد اختیار کرگئی۔فوری مداخلت کرتے ہوئے پولیس نے جھڑپ میں ملوث حامیوں پر لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس افراتفری میں تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ عینی شاہدین نے ادعا کیا کہ دونوں پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کم و بیش ایک درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کلگام میں 2ڈسمبر کو دوسرے مرحلہ کی رائے دہی ہوگی۔