نیرو مودی نے گواہ کو جان کی دھمکی دی تھی : وکیل کا دعویٰ

لندن ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے مفرور دھوکہ باز جوہری نیرو مودی کو آج لندن کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کراؤن پراسیکیوشن سرویس (سی پی ایس) نے اس موق عپر کہا کہ ملزم نیرو مودی کو ضمانت نہیں دی جانی چاہئے کیونکہ اس کے فرار ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔ علاوہ ازیں اس نے دھوکہ دہی اور رقمی ہیرپھیر کے اس مقدمہ کے گواہوں کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ 48 سالہ نیرو مودی کو وسٹ منسٹرس مجسٹریٹس کورٹ کی چیف مجسٹریٹ ایما آربتھ ناٹ کے اجلاس پر پیش کیا گیا تھا اور وہ شیشہ کے انکلوژر کے پیچھے بیٹھا عدالتی کارروائی کا مشاہدہ کررہا تھا۔ ہندوستانی حکومت کی پیروی کرتے ہوئے سی پی ایس بیرسٹر ٹوبی کیڈین نے جج اربتھ ناٹ سے کہا کہ پنجاب نیشنل بینک کو ایک اور دو ارب امریکی ڈالر کی درمیانی بھاری رقم کا دھوکہ دینے والا ملزم فرار ہوسکتا ہے یا پھر گواہوں یا ثبوتوں کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرسکتا ہے۔