نیدو کے ارکان خاندان کی راہول گاندھی سے ملاقات

نئی دہلی۔/11فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج نیدو تانیہ کے ارکان خاندان سے ، جسے جنوبی دہلی میں نسل پرستانہ زدوکوب کرتے ہوئے ہلاک کردیا گیا تھا سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خاطیوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا۔ نیدو کے ارکان خاندان جنہوں نے آج تغلق روڈ پر راہول گاندھی سے آج صبح ملاقات کی نے یہ الزام عائد کیا کہ پولیس اس معاملہ میں ٹال مٹول کا رویہ اختیار کررہی ہے بجائے اس کے کہ وہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتی۔ نیدو تانیہ کے والد نیدو پوترا نے آج کہا کہ ہم لوگ راہول گاندھی کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ سب سے پہلے ہم نے ان سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ ان افراد کو سزائیں دلوانے میں ان کی مدد کریں جو ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث ہیں۔ اس موقع پر نیدو تانیہ کی والدہ نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک مکمل طور پر امتیازی سلوک کا معاملہ ہے اور یہ پولیس کی جانب سے نظرانداز کردیئے جانے کی وجہ ہوا ہے

اور دہلی پولیس اپنے فرائض سے غفلت برت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کو بچایا جاسکتا تھا، اس لئے ہم نے آج راہول گاندھی سے ملاقات کی اور مخالف نسل پرستی ایکٹ کے تحت چند نکات ان کے سامنے رکھے۔ نیدو کی والدہ نے اس بات کوبھی واضح کیا کہ لوگوں کے درمیان نسل پرستی کے حوالہ سے شعور بیداری کی بھی ضرورت ہے صرف قانون سازی ہی اس مسئلہ کا حل نہیں۔ لوگوں کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہم ہندوستانی ہیں مگر ہمارا ذہن اس حوالہ سے واضح نہیں ہے اس لئے صرف قانون سازی سے کچھ نہیں ہوگا۔ ارونا چل پردیش سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان ٹکم سنجوئی جونیدو کے ارکان خاندان کے ساتھ موجود تھے کہا کہ انہوں نے راہول گاندھی سے درخواست کی ہے کہ وہ خاطیوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں اور ان پولیس ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جو نیدو تانیہ کی موت کے ذمہ دار ہیں۔