دی ہیگ، 5 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیدرلینڈ کی سلامتی اور خفیہ ایجنسیوں نے کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کے دی ہیگ میں واقع ہیڈکوارٹر پر ہوئے سائبر حملے کو ناکام کردیا ہے ۔نیدرلینڈ کی وزارت خارجہ کے حکام نے جمعرات کو او پی سی ڈبلیو کے ڈائرکٹر جنرل کو بتایا کہ نیدرلینڈ کی سلامتی اور خفیہ ایجنسیوں نے تنظیم کے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے سائبر حملے کو ناکام کردیا ہے ۔او پی سی ڈبلیو کے ہیڈکوارٹر کے دی ہیگ میں واقع ہونے کی وجہ سے اس کی ذمہ داری بھی نیدرلینڈ حکومت کی ہے ۔او پی سی ڈبلیو نے سرکاری بیان جاری کرکے سائبر حملے کو ناکام کرنے کے لئے نیدرلینڈ حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ اس سلسلہ میں دیگر معلومات حاصل کرنے کے لئے تنظیم نیدرلینڈ حکومت کے رابطہ میں ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ او پی سی ڈبلیو اپنے اطلاعاتی نظام اور نیٹ ورک کی سلامتی کے تعلق سے کافی سنجیدہ ہے ۔ 2018کی شروعات سے تنظیم سائبر سرگرمیوں میں اضافہ پر باریکی سے نظر رکھ رہی ہے ۔او پی سی ڈبلیو کے ڈائرکٹر جنرل نے ان سائبر سرگرمیوں کے بارے تنظیم کے اراکین ممالک کو واقف کرایا ہے ۔