نیتی آیوگ گورننگ کونسل اجلاس /18 جون تک ملتوی کرنے کا مشورہ

چیف منسٹر اے پی چندرا بابو کا مکتوب ، ریاست کو درپیش مسائل پر عہدیداروں سے بات چیت
حیدرآباد ۔ /13 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے نائب صدرنشین نیتی آیوگ مسٹر راجیو کمار کے نام مکتوب تحریر کرکے روانہ کیا اور اس مکتوب کے ذریعہ عیدالفطر (رمضان عید) کے پیش نظر نیتی آیوگ گورننگ کونسل اجلاس کو /18 جون تک کیلئے ملتوی کرنے کی خواہش کی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے مکتوب میں بتایا کہ /16 جون کو عیدالفطر کی توقع ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ اجلاس میں شرکت سے قاصر رہیں گے ۔ علاوہ ازیں /17 جون کو آندھراپردیش میں ’’عید ملاپ‘‘ تقاریب میں شرکت ضروری ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ عیدالفطر اور عید ملاپ تقاریب کے باعث ان کی امراوتی میں موجودگی ناگزیر ہوتی ہے ۔ چیف منسٹر نے راجیو کمار سے خواہش کی کہ /17 جون کو سہ پہر کو بھی نیتی آیوگ کے گورننگ کونسل کا اجلاس منعقد کیا جائے تو کافی بہتر ہوگا ۔ چندرا بابو نے اپنے نیتی آیوگ کے چوتھے اجلاس کا انعقاد عمل میں لانے کیلئے کئے گئے فیصلہ کا بھی خیرمقدم کیا اور بتایا کہ نیتی آیوگ کا مجوزہ اجلاس ریاستوں کو درپیش مختلف مسائل کو پیش کرنے اور ان کی یکسوئی کیلئے مرکزی حکومت سے موثر نمائندگی کیلئے انتہائی ممدو معاون ثابت ہوگا ۔ چیف منسٹر نے توقع کا اظہار کیا کہ ان کے مکتوب پر سنجیدگی سے غور کرکے مجوزہ نیتی آیوگ کے گورننگ کونسل کے اجلاس کو مکتوب میں صراحت کردہ تواریخ کے مطابق ملتوی کرنے کے اقدامات کریں گے ۔ اسی دوران چندرا بابو نائیڈو نے جہاں ایک طرف نیتی آیوگ کے مجوزہ اجلاس کو ملتوی کرنے کی خواہش کی۔ وہیں /17 جون کو دہلی میں وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی صدارت میں منعقد شدنی نیتی آیوگ گورننگ کونسل میں موضوع بحث بنائے جانے والے مسائل کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تقسیم ریاست کے مسائل اور ریاست کو حاصل ہونے والی مرکزی امداد وغیرہ پر عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نیتی آیوگ گورننگ کونسل میں ریاست سے متعلق موضوع بحث بنائے جانے والے مسائل پر مکمل تیاری کرکے اجلاس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مجوزہ نیتی آیوگ گورننگ کونسل اجلاس میں ریاست کو درپیش مختلف مسائل کو موضوع بحث بنانے کیلئے کوئی بھی موقع ضائع کرنا نہیں چاہئیے ۔ اس اجلاس سے میں ریاست آندھراپردیش کو درپیش مختلف مسائل کو پیش کرکے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں جس کی روشنی میں ہی عہدیداران متعلقہ کے ساتھ اجلاس طلب کرکے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے نیتی آیوگ اجلاس میں پیش کئے جانے والے مسائل کو قطعیت دی ہے ۔

اے پی کے انجینئرنگ کالجس میں داخلہ شیڈول کا اعلان
یکم تا /4 جولائی اسناد کی جانچ ، /4 اور /5 جولائی کو آپشن رجسٹریشن
حیدرآباد ۔ /13 جون (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے انجنیئرنگ کالجس میں داخلوں کیلئے منعقدہ اے پی ایمسیٹ 2018ء کے دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ کا شیڈول آج جاری کیا گیا ۔ اس شیڈول کے مطابق یکم تا /4 جولائی تک سرٹیفکیٹس کی جانچ کی جائے گی اور /4 تا /5 جولائی آپشنس رجسٹر کروانے کا عمل جاری رہے گا ۔ کنوینر ایمسیٹ 2018 ء آندھراپردیش مسٹر پانڈا داس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ /7 جولائی کو طلباء و طالبات کو نشستیں الاٹ کی جائیں گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایمسیٹ کونسلنگ کیلئے آندھرا یونیورسٹی لایولا کالج ، وشاکھا پالی ٹیکنک کالج اور تروپتی میں طلباء کی مدد کیلئے مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔