نیا سال 2015 روزگار کا سال ثابت ہوگا

حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : نیا سال 2015 روزگار کا سال ثابت ہوگا ۔ اس سال نئی ریاست تلنگانہ کے وجود میں آنے کے بعد نوجوان طبقہ نے سب سے زیادہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کی توقعات رکھی تھی چنانچہ ریاستی حکومت نے ایک لاکھ سات ہزار سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کا اعلان کیا ہے ۔ چنانچہ اس ضمن میں دکن ریڈیو 107.8 پر راست نشریہ پروگرام ماہر تعلیم ایم اے حمید نے سرکاری ملازمتوں سے متعلق راست پوچھے گئے سوالات اور ریکارڈ کئے گئے سوالات کا موثر انداز میں جواب دیتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ مسابقتی امتحان میں کامیابی یا نشانات کے حصول کے بجائے ملازمت کے حاصل کرنے کے لیے تیاری کریں ۔ اس موقع پر متلاشیان روزگار نوجوان لڑکے / لڑکیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے اسنادات کے ساتھ جو جو ضروریات ہو جیسے رہائشی صداقت نامہ ، بی سی سرٹیفیکٹ ، اسپورٹس ، معذورین / PH یا خصوصی زمرہ گروپ کے پاس ان میں کوئی زمرہ ہو تو اس کے لیے ابھی سے متعلقہ دفاتر سے سرٹیفیکٹ حاصل کریں تاکہ فارم داخل کرتے وقت کسی قسم کی دشواری نہ ہو ۔ انٹر میڈیٹ ، ڈگری ، پروفیشنل گریجویٹ ، یا پوسٹ گریجویٹ امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت اور اہلیت کو دیکھتے ہوئے پوری یکسوئی کے ساتھ اس کی تیاری کریں تو وہ سرکاری ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ دکن ریڈیو کے اس خصوصی پروگرام میں ریکارڈ کئے گئے سوالات کے علاوہ دوران پروگرام فون پر پوچھے جانے والے سوالات کو شامل کرتے ہوئے ان کے جوابات دئیے گئے ۔ جناب زاہد فاروقی ریڈیو اسٹیشن مینجر میں نہایت عمدگی سے سوالات کو شامل کر کے پروگرام میں پیش کیا جس کا موثرانداز میں ایم اے حمید نے جواب دیا ۔ معاونین نے اس نئے سال کے خصوصی پروگرام میں تمام ریڈیو جاکی فہیم انصاری ، محمد منیر ، صفا ، یاسمین حنا اور خالد نے حصہ لیا ۔ آخر میں زاہد فاروقی نے نئے سال 2015 کی مبارکباد دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا ۔۔