نئی دہلی، 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہوائی جہازکے اغوا کے واقعات پر مؤثر روک تھام کے مقصد سے بنایا گیا نیا اینٹی ہائی جیکنگ قانون کے لئے مرکزی حکومت کی طرف نوٹیفکیشن جاری کرنے کے ساتھ یہ قانون 5جولائی سے نافذ ہو گیا ہے ۔نیا قانون 1982کے قانون کی جگہ آیا ہے جسے کمزور مانا جا رہا تھا۔ اس میں ہوائی جہاز کے اندر یا زمین پر کسی کا قتل کرنے والے ہائی جیکرکے لئے موت کی سزا کا انتظام ہے ۔ اسے گزشتہ سال ہی پارلیمنٹ کی منظوری ملی تھی۔پرانے قانون میں صرف پرواز کے دوران طیارے کے اغوا کی کوشش کے لئے انتظام تھا جبکہ نئے قانون میں جب جہاز ہوائی اڈے پر کھڑا ہو اس وقت بھی طیارے یا ملازمین کے تئیں جرائم کو اس تعریف میں شامل کیا گیا ہے ۔ ہوائی جہاز کی پرواز کی تیاری شروع ہونے سے لے کر اس کی لینڈنگ کے 24 گھنٹے بعد تک جہاز پر کیا گیا کوئی بھی حملہ اغوا کوشش سمجھا جائے گا۔ اس میں جراثیمی ہتھیاروں سے ہونے والا حملہ بھی شامل ہے ۔اگر اغواکی اس کوشش میں کسی کو قتل کر دیتا ہے تو اس کے لئے سزائے موت بھی دی جا سکتی ہے ۔