نکسلیوں کیلئے 2018مشکل سال رہا، چند کمانڈروں سمیت متعدد ہلاکتیں

جگدل پور۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)ملک کے زیادہ تر نکسلی متاثر علاقوں میں سے ایک چھتیس گڑھ کے بستر ڈیویژن میں اس سال گزشتہ برسوں کے مقابلے نکسلی وارداتوں میں جہاں کمی آئی ہے وہیں نکسلیوں کو خود بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔نکسلیوں کے کئی بڑے حملے پیراملٹری فورس نے ناکام کردئے ۔پولیس نے کارروائی کرکے کچھ کمانڈروں سمیت کئی نکسلیوں کو مار گرایا۔کئی انعامی نکسلی لیڈروں کو گرفتار بھی کیاگیا۔نکسلی بحالی کے تحت پولیس نے بستر کے سبھی ساتوں اضلاع میں الگ الگ ناموں سے مہم چلائی۔نتیجہ کے طورپر کئی نکسلی تنظیمیں چھوڑ کر مرکزی دھارے میں لوٹ آئے ۔سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برسوں کے مقابلے اس سال بستر زون میں نکسلی وارداتوں میں کمی آئی ہے ۔یکم جنوری سے 30نومبر تک کی اطلاع کے مطابق بستر زون کے دنتے واڑا ،کانکیر ،بیجاپور،نارائن پور،کونڈا گاؤں ،سکما اور بستر ضلع میں کل 436نکسلی جرائم درج کئے گئے ۔ان میں مڈبھیڑ میں مارے گئے نکسلیوں کی تعداد 111،گرفتار نکسلیوں کی تعداد 179،خودسپرگی کرنے والے نکسلیوں کی تعداد 451،نکسلی کیمپ پر چھاپے میں 4،مختلف قسم کے 209ہتھیار برآمد کئے گئے ۔