نکسلائٹس مخالف مہم میں دھماکو اشیاء کی بڑی مقدار ضبط

رانچی ۔ 10 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ریاست جھارکھنڈ جہاں انتخابات عنقریب منعقد شدنی ہیں ۔ وہاں نکسلائٹس مخالف ایک مہم کے دوران سیکوریٹی فورسیس نے 400 کیلو گرام مقامی دھماکو اشیاء اور زائد از 1700 ڈیٹونیٹرس ضبط کئے ۔ اس مہم کو کوبرا کمانڈوس کی جانب سے انجام دیا گیا تھا ۔ جن کا تعلق سی آر پی ایف سے ہے ۔ ان کے ساتھ جھارکھنڈ کی ’ جگوار ‘ پولیس نے بھی معاونت کی ۔ عہدیداروں کے مطابق ضبط شدہ اشیاء میں 1745 ڈیٹونیٹرس ، 50-50 کیلو کے تین گیس سیلنڈرس سے مربوط دھماکو آلات ، 5 کیلو کین بم ، 400 پٹرول کی آمیزش والا یوریا ، 10 کیلو بارود ، ایک کیلو نائٹر و سلفائیڈ ، کٹائی کے لیے دو بڑی بڑی مشینیں ، دو ڈرل مشینیں ، 400 سیرینجس ، اوزار رکھنے کے باکس ، الیکٹرانک آلات اور 200 پریشر کوکرس شامل ہیں ۔ یہ شبہ کیا جارہا ہے کہ نکسلائٹس مندرجہ بالا تمام اشیاء کا سیکوریٹی فورسیس اور انتخابی پارٹیوں کو نشانہ بنانے استعمال کرنے والے تھے ۔ یاد رہے کہ جھارکھنڈ میں پانچ مراحل میں انتخابات ہوں گے جن کا آغاز 25 نومبر سے ہوگا جب کہ ووٹوں کی گنتی 23 دسمبر سے ہوگی ۔