نئی دہلی 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ ملک کے اندر نکسلائٹس اور دولت اسلامیہ آئی ایس آئی ایس کے درمیان گٹھ جوڑ نہیں ہے۔ اب تک اس طرح کے کسی گٹھ جوڑ یا ساز باز ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ مملکتی وزیرداخلہ ہری بھائی پرتاب بھائی چودھری نے کہاکہ ملک بھر میں داعش کے حامیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اگر حکومت کو پتہ چلتا ہے کہ نکسلائٹس سے اسلحہ و گولہ بارود کی ٹریننگ لے کر یہ لوگ ملک میں حملے کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو داعش کے حامیوں کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ تحقیقاتی ایجنسیاں آئی ایس آئی ایس سے متعلق کیسوں کی شناخت کررہی ہے خاص کر قومی تحقیقاتی ایجنسی نے 25 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ تلنگانہ پولیس نے 6 ، مدھیہ پردیش پولیس نے 5 ، مہاراشٹرا کے چار اور نئی دہلی پولیس نے چار، ٹاملناڈو پولیس نے 3 ، کرناٹک اور راجستھان پولیس نے ایک ایک داعش حامی کو گرفتار کیا ہے۔ اب تک آئی ایس آئی ایس کی جانب سے دہشت گرد حملے کی اطلاع نہیں ہے۔