نٹور سنگھ دوسری کتاب تحریر کریں گے

نئی دہلی 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سونیا گاندھی پر تنقیدوں پر مبنی اپنی کتاب پر کانگریس کے جوابی وار سے قطع نظر سابق وزیر خارجہ نٹور سنگھ نے ایک اور کتاب تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ واضح کیا کہ اس میں مزید انکشافات کئے جائیں گے ۔ مسٹر نٹور سنگھ نے کہا کہ ان کی دوسری کتاب کو ’’ میری بے قاعدہ ڈائری ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور امکان ہے کہ یہ آئندہ سال مارچ میں مارکٹ میں آجائیگی ۔ اس سوال پر کہ آیا اس کتاب میں گاندھی خاندان کے تعلق سے مزید انکشافات کئے جائیں گے اوریہ واضح کیا جائیگا کہ سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے کس طرح کام کیا ہے نٹور سنگھ نے کہا کہ کتاب میں بہت سے انکشافات رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جو کتاب منظر عام پر آئی ہے اس پر عوام کا جو رد عمل ہے اس سے وہ بہت خوش ہیں۔ صرف چار دن ہوئے یہ کتاب منظر عام پر آئی ہے اور اس کی پچاس ہزار کاپیاں فروغ ہوچکی ہیں اور پبلشرس کی جانب سے مزید کاپیاں شائع کی جا رہی ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا انہوں نے اپنی شائع شدہ کتاب سے ماہ مئی میں سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کے بعد کچھ حصے حذف تو نہیں کئے ہیں نٹور سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ایک لفظ بھی حذف نہیں کیا ہے ۔