عوامی رقم مودی کے ’ سوٹ بوٹ ‘ والے دوستوں کے سپرد ‘ کانگریس
حیدرآباد 30 ڈسمبر ( این ایس ایس ) کل ہند کانگریس کے ترجمان اجوئے کمار نے الزام عائد کیا ہے کہ نوٹ بندی قوم کا سب سے بڑا اسکام ہے ۔ گاندھی بھون میں یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اجوئے کمار نے کہا کہ وزْر اعظم نریندر مودی عوام سے لوٹی ہوئی دولت کو اپنے سوٹ بوٹ والے دوستوں کو فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالا دھن رکھنے والے افراد نے ماہ ستمبر میں 3 لاکھ کروڑ روپئے بطور فکسڈ ڈپازٹ جمع کروائے تھے ۔ یہ تمام ڈپازٹس صرف بی جے پی کے قائدین نے کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین نے صرف ایک بینک میں 500 کروڑ روپئے جمع کروائے ہیں جس کے ڈائرکٹر بی جے پی کے صدر امیت شاہ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس پر کیوں نہیں زبان کھولتے ؟ ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ بی جے پی کے قائدین کے پاس بڑے نوٹوں کا چلن بند کئے جانے سے قبل ہی نئے نوٹ کس طرح سے پہونچ گئے ۔ مسٹر اجوئے کمار نے کہا کہ ملک کے عوام وہ ڈرامے دیکھ رہے ہیں جو نریندر مودی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جو مسائل درپیش ہیں وہ ناقابل بیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود کارپوریٹ کمپنیوں سے نو مرتبہ 40 کروڑ روپئے حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اس ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ایونٹ مینیجر کی طرح کام کر رہے ہیں۔