حیدرآباد۔/2 نومبر، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے تلنگانہ کے نوٹ برائے ووٹ کیس کی فبروری میں تحقیقات کیلئے سی بی سی آئی ڈی کو ہدایت دی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس رکن اسمبلی رام کرشنا ریڈی نے عاجلانہ تحقیقات اور رپورٹ کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی۔ مئی 2015 میں ایم ایل سی انتخابات کے موقع پر تلگودیشم کی جانب سے ٹی آر ایس رکن اسمبلی کو رشوت دینے کی کوشش سے سینئر قانون داں پرشانت بھوشن نے عدالت کو واقف کرایا ۔ چندرا بابو نائیڈو کے وکیل سدھارتھ نے کہا کہ سیاسی مخاصمت کے سبب یہ درخواست داخل کی گئی ہے۔ جسٹس مدن بی لوکر نے فریقین کی سماعت کے بعد سی بی آئی کو ہدایت دی کہ آئندہ فبروری میں کیس کو تحقیقات کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ عدالت کو جب بتایا گیا کہ فبروری؍مارچ میں عام انتخابات ہوسکتے ہیں جس پر جج نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں کچھ نہیں کرسکتے۔ 2015 میں تلنگانہ کونسل انتخابات کے موقع پر نامزد رکن اسمبلی اسٹیفن سن کی تائید حاصل کرنے ریونت ریڈی نے بھاری رقم کا پیشکش کیا تھا۔ انہیں رقم کے ساتھ اسٹیفن سن کی قیامگاہ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمہ کی ابتدائی تحقیقات میں چندرا بابو نائیڈو کے آڈیو ریکارڈنگ کا پتہ چلا جس میں انہوں نے اسٹیفن سن سے بات کی تھی۔