نوٹ برائے ووٹ معاملہ کی منصفانہ تحقیقات کی جائے

ترجمان عام آدمی پارٹی تلنگانہ پروفیسر ویشویشور راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔10جون(سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی تلنگانہ نے ووٹ برائے نوٹ اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آندھرا پردیش چیف منسٹر اور نامز د رکن اسمبلی اسٹفین کے درمیان میں ہوئی بات چیت کی بھی منصفانہ تحقیقات کروائی جائے۔آج یہاں عام آدمی پارٹی تلنگانہ ریاست کے دفتر میںمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عاپ کے ریاستی ترجمان پروفیسر پی ایل ویشویشوار رائو نے کہا کہ چندرابابو نائیڈو کی آواز والے آڈیو ٹیپ کی بھی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جائے۔ ترجمان عاپ نے اراکین اسمبلی کی خریدوفروخت کے معاملے کی سخت الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو سے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا۔ مسٹر ویشوویشو ار رائو نے تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے سربراہ وچیف منسٹر ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے بھی حالیہ ایم ایل سی انتخابات میں پارٹی کے پانچ امیدواروں کی کامیابی کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان اسمبلی میں67کے بجائے ٹی آر ایس پارٹی کے اراکین کی تعداد 77کس طرح ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت ، کو گمراہ کرنے کے بجائے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر اپنی توجہہ مرکوز کرے۔