نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں صدر تلگودیشم کا وقار داؤ پر

حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) تلگودیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی دیگر تلگودیشم کے ارکان اسمبلی سے چیراپلی جیل میں ملاقات کرنے سے انکار کررہے ہیں صرف ارکان خاندان سے ہی ملنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں گرفتار ہوکر جیل میں محروس تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کی ضمانت کیلئے 5جون کو عدالت میں بحث ہوگی۔ تلگودیشم کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ٹی آر ایس کے نامزد رکن اسمبلی اسٹیفن کے گھر میں سودے بازی کی بات چیت کے دوران ریونت ریڈی نے چندرا بابو نائیڈو کا نام لیا ہے۔ جس پر تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ٹی آر ایس، کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے سربراہ تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو پر تنقیدوں کے علاوہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ تلگودیشم ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین چندرا بابو نائیڈو کو بچانے کیلئے ریونت ریڈی پر استعفی دینے کا دباؤ ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے ریونت ریڈی تلگودیشم قائدین سے سخت ناراض ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے پہلے دن ہی ریونت ریڈی کی شریک حیات کو ٹیلی فون کرکے تسلی دی ہے۔ دوسرے دن جیل میں ریونت ریڈی سے آندھرا اور تلنگانہ کے تلگودیشم قائدین نے ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں ریونت ریڈی نے تلگودیشم قائدین پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کی کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہے یہاں تک کہ جیل بھی پہنچ گئے تاہم مصیبت کی اس گھڑی میں پارٹی اور قائدین نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ ریونت ریڈی کی شریک حیات نے بھی ان سے ملاقات کرنے والے تلگودیشم کے ارکان اسمبلی پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ان کے شوہر کے خلاف سازش کررہے ہیں اور تلگودیشم کے قائدین ریونت ریڈی کو یکا و تنہا چھوڑ چکے ہیں۔ تلنگانہ تلگودیشم کے دو ارکان اسمبلی مسٹر ایم گوپی ناتھ اور پرکاش گوڑ آج ریونت ریڈی سے ملاقات کیلئے جیل پہنچے تاہم ریونت ریڈی نے ان سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔